کراچی میں ایم کیو ایم کارکنوں کا میڈیا دفتر پر حملہ ، ایک ہلاک

کراچی۔ 22 اگست (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان میں ایم کیو ایم کارکنوں نے جو چار دن سے بھوک ہڑتال کررہے تھے ، آج تشدد پر اُتر آئے اور خانگی ٹی وی چیانل کے دفتر کو جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے حملے کا نشانہ بنایا۔ یہاں موجود کئی صحافیوں اور میڈیا تنظیموں سے وابستہ افراد پر بھی حملہ کیا گیا۔ احتجاجیوں نے سنگباری اور ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں کئی افراد بشمول خواتین زخمی ہوگئے۔ جناح ہاسپٹل کے ایمرجنسی وارڈ سربراہ نے بتایا کہ ایک شخص کو مردہ حالت میں لایا گیا جبکہ دیگر کئی زخمی ہیں۔ تشدد میں کئی گاڑیوں اور پولیس ویان کو بھی نقصان پہنچا۔ کراچی پریس کلب کے روبرو ایم کیو ایم کی ہڑتال میں شریک کئی کارکنوں نے مصروف ترین زینب مارکٹ کی سمت مارچ کیا اور اس کے ساتھ تشدد شروع ہوگیا ۔ وہ اے آر وائی چیانل کے دفتر میں گھس گئے جہاں ملازمین کو نشانہ بنایا گیا۔چیانل کے مطابق ایم کیو ایم سربراہ الطاف حسین نے لندن سے ٹیلیفون پر تقریر کے دوران آج ٹی وی چیانلس کے دفتر کو نشانہ بنانے کیلئے کہا تھا۔