کراچی، 6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے کراچی شہر میں آج افغان ہائی کمیشن میں ایک افغان سفارت کار کا گولی مار کر قتل کردیا گیا۔پاکستانی حکام نے بتایا کہ بظاہر یہ آپسی رنجش کا معاملہ معلوم ہوتا ہے ۔پولس افسر ثاقب اسماعیل نے رائٹر کو بتایا کہ ایک پرائیویٹ گارڈ نے افغان سفارت کار کا قتل کیا۔ جسے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔مسٹر اسماعیل نے بتایا کہ قتل کرنے والا گارڈ بھی افغان شہری ہے ۔ گارڈ نے آٹومیٹک ہتھیار کا استعمال کیا۔ ایک دوسرے اعلی پولیس افسرڈی آئی جی آزاد خان نے صحافیوں کو بتایا کہ واقعہ کی وجہ ذاتی رنجش ہو سکتی ہے ۔ پاکستان میں افغان سفیر عمر جاخلوال نے اپنے سرکاری فیس بک اکاؤنٹ پر فائرنگ کی تصدیق کی ہے ۔ انہوں نے لکھا ہے کہ کراچی میں آج دوپہر ساڑھے بارہ بجے افغان قونصل جنرل سفارت خانے کے اندر فائرنگ ہوئی۔ ایک افغان گارڈ نے یہ فائرنگ کی جس میں ایک سفارت کار ہلاک ہو گیا۔ ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ ذاتی رنجش کی وجہ سے اس واقعہ کو انجام دیا گیا ہے ۔