کراچی ۔18 ڈسمبر (سیاست ڈاکٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹ آسٹریلیا کو آئندہ سال کراچی میں 2 ون ڈے میچ کھیلنے کے لئے راضی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 5 ونڈے میچوں کی سیریز آئندہ سال مارچ 2019 میں متحدہ عرب امارات میں مقرر ہے۔ اس کے بعد اگلے سال ہی اکتوبر میں دونوں ٹیمیں دو ٹسٹ اور تین ٹی20 میچوں کے لئے مدمقابل ہوں گی۔ پاکستان نے دورے کے لیے آسٹریلیا کو ابتدائی طور پر راضی کرنے کی کوشش کی تھی لیکن یہ کوشش رائیگاں گئی لیکن پی سی بی نے اب آئندہ ماہ کرکٹ آسٹریلیا سے دوبارہ مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی نے پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے کراچی میں ہونے والے میچز کے دوران آسٹریلیائی عہدیداروں کو مدعوکرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے سکیں۔