کراچی ، 10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے تجارتی دارالحکومت کراچی کے علاقہ بلدیہ ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی جانب سے دستی بم حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک چار سالہ بچی سمیت آٹھ افراد ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہوگئے، جن میں سے دو کی حالت ’تشویشناک‘ بتائی جاتی ہے۔ اس واقعے کے بارے میں پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چھ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے آج علاقے کے 12 ڈی سعید آباد میں واقع ایک آستانے پر موجود افراد پر پہلے دستی بم پھینکا اور پھر فائرنگ کردی۔ امدادی کارکنوں نے مہلوک و زخمیوں کو سیول اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ اسپتال کے ’میڈیکو لیگل‘ شعبے کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ کْل آٹھ لاشیں لائی گئی ہیں، جن کی ہلاکت گولیاں لگنے سے ہوئی ہے، جن میں ایک چار سالہ بچی زینب بھی شامل ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ 12 زخمیوں میں سے ’دو کی حالت تشویشناک ہے‘۔ میڈیا کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ آستانے کے پیر مہربان شاہ بھی اِس حملے میں زخمی ہوئے۔ اُنھوں نے بتایا کہ حملے سے قبل کسی قسم کی کوئی دھمکی نہیں ملی تھی۔