بنگلور 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )عام آدمی پارٹیوں کے حامیوں نے پارٹی صدر اروند کجریوال کے بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کے خلاف وارناسی سے انتخابی مقابلہ کرنے کے امکان کا اشارہ دینے پر اظہار مسرت کیا۔ بنگلور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کجریوال نے کہا تھا کہ وہ 23 مارچ کو وارناسی کا دورہ کریں گے تا کہ عوام کی خواہشات معلوم کرسکیں اور اس کے بعد فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ پارٹی کا ایک اجلاس طلب کیا گیا ہے اور اُن کا کہنا ہے کہ انہیں نریندر مودی کے خلاف انتخابی مقابلہ کرنا چاہئے ۔ کجریوال نے کہا کہ وہ واقف ہیں کہ یہ ایک بڑا چیلنج ہے۔
دریں اثناء وارناسی میں عام آدمی پارٹی کے حامی یہ سن کر خوشی سے جھوم اٹھے کہ کجریوال کے مودی کے خلاف مقابلہ کا امکان ہے ۔ پارٹی کے حامی شاستری نے کہا کہ ہم آج رنگوں کے تہوار کے ساتھ ساتھ کجریوال کی وارناسی سے مودی کے خلاف لوک سبھا انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی امیدواری کا بھی جشن منارہے ہیں۔ ہم ان کی کامیابی کی دعا کرتے ہیں۔ شہر کے عوام ان کے ساتھ ہیں۔ بی جے پی قائد مختار عباس نقوی نے کجریوال پر تنقید کرتے ہوئے ان کی خوش قسمتی کی دعاء کی اور کہا کہ ہم ان کی ذہنی صحت اور خوش قسمتی کیلئے دعا کرتے ہیں۔ وہ عام جلسوں سے عجیب و غریب انداز میں خطاب کررہے ہیں اور آئندہ انتخابات کے بارے میں الجھن پیدا کررہے ہیں۔