نئی دہلی 17 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے چیف منسٹر ارون کجریوال کی جانب سے پیر سے وزارت داخلہ کے باہر دھرنا منظم کرنے کی دھمکی کے پیش نظر مرکزی وزیر داخلہ مسٹر سشیل کمار شنڈے نے آج کہا کہ وہ ان کے مطالبات کا جائزہ لیں گے ۔ مسٹر شنڈے نے کجریوال سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عہدیداروں سے کہا ہے کہ ان کے مطالبات کا جائزہ لیا جائے ۔ دیکھیں کیا ہوتا ہے کیونکہ وہ ( کجریوال ) حکومت میں ابھی نئے ہیں۔ کجریوال اور ان کے وزرا نے آج شنڈے سے ملاقات کرتے ہوئے دہلی پولیس کا کنٹرول حکومت دہلی کے سپرد کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ دہلی پولیس کے عہدیداروں نے جرائم کے کچھ معاملات میں لا پرواہی کا مظاہرہ کیا ہے اور دہلی کے وزرا کی نمائندگیوں کو نظر انداز کردیا ہے ۔ پارٹی نے ان عہدیداروں کی معطلی کا شدت سے مطالبہ کیا ہے ۔ مسٹر شنڈے نے کہا کہ ان کے پاس ابھی پیر تک کا وقت ہے اس وقت تک دیکھا جائیگا کہ کیا ہوسکتا ہے۔
رکن اسمبلی ونود کمار بنی کو عام آدمی پارٹی کی نوٹس وجہ نمائی
نئی دہلی 17 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) برسر اقتدار عام آدمی پارٹی نے آج اپنے رکن اسمبلی ونود کمار بنی کو نوٹس وجہ نمائی جاری کردی ہے ۔ انہوں نے کل ہی چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کے خلاف ریمارکس کئے تھے ۔ پارٹی نے لکشمی نگر کے رکن اسمبلی مسٹر بنی سے کہا ہے کہ وہ کل ہفتہ کی شام 5 بجے تک اس نوٹس وجہ نمائی کا جواب دیں۔ پارٹی ترجمان دیپک واجپائی نے کہا کہ پارٹی نے انہیں نوٹس وجہ نمائی جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی ہے ۔ ان سے کہا گیا ہے کہ وہ پارٹی کے قومی سکریٹری پنکج گپتا کو 18 جنوری کی شام 5 بجے تک اپنا جواب روانہ کردیں۔ پارٹی نے کہا کہ بنی کے الزامات سے پارٹی کی امیج خراب ہوئی ہے ۔