کجریوال کے مشورہ پر عمل نہ کرنے مفتی کی ہدایت

جموں۔ یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت کیلئے مستقبل کا لائحہ عمل پیش کرتے ہوئے چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید نے کہا کہ کرپشن سے مقابلہ ان کی اولین ترجیح ہوگی لیکن چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کے برعکس وہ عوام سے کرپشن کو بے نقاب کرنے کیلئے اپنے ساتھ موبائیل فون رکھنے کی ہدایت نہیں دیں گے ۔ تقریب حلف برداری کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کی ترجیحات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ کرپشن کے خلاف جدوجہد ان کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سن سکتے ہیں ‘ سمجھ سکتے ہیں ۔ عہدیداروں کو اپنا طریقہ کار تبدیل کرنا ہوگا ‘ انہیں خود کو اپنے فرائض سے وابستہ کرنا ہوگا ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہترین انسانی وسائل عہدیداروں کی شکل میں دستیاب ہیں ۔

انہوں نے یاد دہانی کی کہ 2002ء میں انہوں نے کیسے عوام کی خدمت کی تھی ۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جنہوں نے جموں و کشمیر میں ایمس اور آئی آئی ٹی جیسے اداروں کے قیام کا اعلان کیا ہے ۔چیف منسٹر نے کہا کہ بیروزگاری سب سے بڑا چیلنج ہے ۔ علاوہ ازیں ریاست میں 100فیصد خواندگی کو یقینی بنانا ان کی ترجیحات ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں سیاحت کے فروغ کے بارے میں بلند بانگ دعوے کئے جاتے رہے ہیں لیکن سرینگر میں بمشکل دو یا تین فائیواسٹار ہوٹلس ہیں ‘ صرف ایک اچھا ہوٹل گلمرگ میں ہے جس کیلئے تین سال قبل بکنگ کروائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کے علاقہ کو آزادانہ سیاحتی مرکز بنانے کیلئے کوشش کی جائے گی اور ریاست کو صنعت کاری کیلئے سازگار بنایا جائے گا ۔