ممبئی 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی قائد اروند کجریوال نے آج ایک مضافاتی ٹرین میں سفر کرتے ہوئے مہاراشٹرا میں اپنے دورے کا آغاز کیا۔ لیکن اُن کا یہ دورہ بلارکاوٹ نہیں تھا۔ سست رفتار لوکل ٹرین میں چڑھنے کی کوشش کرنے والے مسافرین نے مضافاتی ریلوے اسٹیشن اندھیری سے چرچ گیٹ تک کجریوال کے لئے مشکلات پیدا کردیں۔ وہ اُن کے سینئر پارٹی قائدین اور کارکنوں کے ساتھ ٹرین میں سوار تھے۔ جب عام آدمی پارٹی قائد آخرکار چرچ گیٹ پہونچے تو مسافرین کے ہجوم اور تماشائیوں نے کجریوال کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ رسہ کشی کی۔ ہجوم کے درمیان نوجوانوں کا ایک گروپ کجریوال کے سامنے سیاہ پرچموں کا مظاہرہ کررہا تھا۔ جبکہ وہ اسٹیشن سے روانہ ہورہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کا تعلق کسی تنظیم سے نہیں ہے بلکہ وہ طلبہ ہیں جو کجریوال کے مبینہ ذرائع ابلاغ کے ساتھ مفاہمت کے بارے میں احتجاج کررہے ہیں۔ جیسے ہی یو ٹیوب پر ایک ویڈیو کا افشاء ہوا جس میں کجریوال کو میزبان سے انٹرویو کے بعض حصے نمایاں طور پر پیش کرنے کی خواہش کرتے ہوئے سنا گیا تھا، تنازعہ پیدا ہوگیا تھا۔