نئی دہلی ۔19اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی چیف منسٹر اروند کجریوال کے سابق مشیر وی کے جین سے آج چیف سکریٹری انشو پرکاش پر کئے گئے مبینہ حملوں سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی ۔ جین کو گذشتہ ہفتہ اس تعلق سے ایک نوٹس بھیجی گئی تھی جس کے بعد وہ آج دوپہر سیول لائنز پولیس اسٹیشن پہنچے ۔ دریں اثناء ایک پولیس آفیسر نے بتایا کہ پوچھ گچھ کا سلسلہ ہنوز جاری ہے ۔ چیف سکریٹری انشو پرکاش پر ماہ فبروری میں مبینہ طور پر حملہ کیا گیا تھا جبکہ ماہ مارچ میں انہوں نے شخصی اور خاندانی وجوہات کی بنیاد پر کجریوال کے مشیر کے طور پر استعفی دے دیا تھا ۔ 19 فبروری کی شب کجریوال کی رہائش گاہ پر انشو پرکاش پر مبینہ حملہ کیا گیا تھا ۔ یاد رہے کہ قبل ازیں دہلی پولیس نے عدالت کو بتایا تھا کہ پوچھ گچھ کے دوران وی کے جین نے کہا تھا کہ ایم ایل ایز پرکاش جاروال اور امانت اللہ خان نے مبینہ طور پر چیف سکریٹری کا گھیراؤ کرتے ہوئے انہیں زدوکوب کیا تھا ۔ اس واقعہ کے بعد دہلی حکومت اور اس کی نوکر شاہی کے درمیان رسہ کشی کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی ۔