کجریوال کے خلاف تین ایف آئی آر درج

نئی دہلی ۔ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) انسداد کرپشن بیورو کی شاخ نے آج دہلی کی عدالت کو اطلاع دی کہ اس کے پاس چیف منسٹر اروند کجریوال اور دیگر کے خلاف مبینہ پی ڈبلیو ڈی اسکام کے سلسلہ میں تین علحدہ علحدہ ایف آئی آر اور ایک فوجداری شکایت درج کروائی گئی ہے۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ ابھیلاش ملہوترہ نے اسسٹنٹ کمشنر اے سی بی کو ہدایت دی کہ راہول شرما نے اپنی شکایت میں جو خطرہ کا نظریہ پیش کیا ہے، عدالت کو مطلع کرنے کے بعد اس کا ایک بار پھر تخمینہ کیا جائے ۔عدالت کو اطلاع دی گئی کہ تین ایف آئی آر اے سی بی کی جانب سے اپنے طور پر 8 مئی کو درج کی گئی ہے۔ عدالت نے کہا کہ ایف آئی آر جو درج کی گئی ہے شکایت کنندہ کو شدید صیانتی خطرہ کی نشاندہی کرتی ہے۔ عدالت نے اے سی بی کو ہدایت دی کہ 8 جون کو اس سلسلہ میں موقف کی رپورٹ داخل کی جائے۔