نئی دہلی 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی ایم نے دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال، اُن کے وزیر قانون سومناتھ بھارتی اور عام آدمی پارٹی کے حامیوں کی جانب سے افریقی خواتین کو نشانہ بنائے جانے اور اُن کے خلاف نسل پرست زبان استعمال کئے جانے کے واقعہ پر کجریوال کی حمایت اور نسل پرستی پر مبنی زبان کے استعمال کے دفاع کرنے کو ہٹ دھرمی قرار دیا۔ سی پی آئی ایم پولیٹ بیورو نے کہاکہ مرکز کو چاہئے کہ وہ اِس مسئلہ پر مناسب کارروائی کرے۔ سی پی آئی ایم نے منتخب حکومت کو پولیس کی جوابدہی کا مسئلہ ظاہر کرتے ہوئے اِس واقعہ کی پردہ پوشی کرنے کجریوال کی کوششوں کی بھی مذمت کی۔
بی جے پی کارکنوں کا بھارتی کے استعفی کا مطالبہ
نئی دہلی 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)بی جے پی کے نوجوان کارکنوں نے دہلی بی جے پی کے صدر وجئے گوئل کی زیر قیادت ایک احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ریاستی وزیر قانون سومناتھ بھارتی کے استعفی کا مطالبہ کیا اور الزام عائد کیا کہ انہوں نے گذشتہ ہفتہ جنوبی دہلی میں خواتین سے بد سلوکی کی تھی ۔ احتجاجی جلوس کا آغاز دہلی کے بی جے پی دفتر سے ہوا اور یہ جلوس ریل بھون کے قریب کجریوال کے احتجاج کے مقام پر جارہا ہے تھا لیکن پارلیمنٹ اسٹریٹ پر پولیس نے اسے روک دیا۔