لکھنو / وارانسی ۔ 18 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام)عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال کی وارانسی ریالی دو دن کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔ ضلع انتظامیہ نے قانون ساز کونسل انتخابات کے پیش نظر 23 مارچ کو ریالی کی اجازت نہیں دی۔ عام آدمی پارٹی قومی کونسل رکن وائبھو مہیشوری نے بتایا کہ 23 مارچ کو کونسل انتخابات کی وجہ سے ریالی ملتوی کرتے ہوئے 25 مارچ کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کجریوال نے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کے خلاف لوک سبھا حلقہ وارانسی سے مقابلہ کا فیصلہ اسی ریالی میں کریں گے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (سٹی) وارانسی ایم پی سنگھ نے بتایا کہ عام آدمی پارٹی کارکنوں نے 23 مارچ کو ریالی کی اجازت طلب کی تھی لیکن اسی دن قانون ساز کونسل انتخابات ہورہے ہیں۔ چنانچہ انہیں ریالی کی اجازت نہیں دی گئی۔