نئی دہلی ۔ یکم اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج اپنے موقف میں تبدیلی کرتے ہوئے چیف منسٹر بہار نتیش کمار کی مکمل تائید کا اعلان کیا ہے ۔ ایک دن قبل ہی انہوں نے بہار میں کسی جماعت کی تائید سے انکار کردیا تھا ۔ کجریوال نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ صرف نتیش کمار کی تائید کر رہے ہیں یا سارے عظیم اتحاد کی ۔
کجریوال نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ میڈیا کے کچھ حلقوں میں ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا تھا ۔ وہ نتیش کمار کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ وہ بہت اچھے شخصیت ہیں۔ عوام کو ان کی وزارت اعلی کیلئے ووٹ دینا چاہئے ۔ دہلی اسمبلی انتخابات میں جے ڈی یو نے عام آدمی پارٹی کی تائید کی تھی ۔ نتیش کمار کے تعلق سے کل کہا گیا تھا کہ انہوں نے بہار میں کسی بھی جماعت کی تائید نہیں کی ہے اور نہ ہی وہ بہار میں انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے گئے تھے ۔ آج کجریوال نے نتیش کمار کی تائید کا اعلان کیا ہے ۔