کجریوال کی نامزدگی منسوخ کرنے کا مطالبہ

بی جے پی و کانگریس کا یکساں اعتراض، بیدی کی کجریوال کو قانونی نوٹس
نئی دہلی 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی اور کانگریس نے آج اروند کجریوال کی نامزدگی منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو عام آدمی پارٹی کے سربراہ کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی کی شکایت کی۔ بی جے پی نے کجریوال پر پارٹی کو ’’بدنام‘‘ کرنے کا الزام عائد کیا۔ جبکہ کانگریس نے اُن پر ’’دھوکہ دہی‘‘ کا الزام عائد کیا۔ بی جے پی نے کہاکہ کجریوال بی جے پی پر رشوت ستانی کا الزام عائد کررہے ہیں جبکہ کانگریس نے کہاکہ اُنھوں نے جھوٹا انتخابی حلف نامہ داخل کیا ہے۔ دریں اثناء بی جے پی کی چیف منسٹری کی امیدوار کرن بیدی نے عام آدمی پارٹی کے صدر اروند کجریوال کو ایک قانونی نوٹس روانہ کی ہے جس میں الزام عائد کیا ہے کہ پارٹی کی پوسٹر مہم میں اُن کی تصویر اُن کی اجازت کے بغیر استعمال کی جارہی ہے جو اِس کا استحصال ہے۔ کجریوال سے نوٹس کا جواب طلب کیا گیا ہے اور جواب نہ دینے کی صورت میں عدالتی کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔