کجریوال کی رہائش گاہ کا برقی بل 91 ہزار روپئے نہیں :دہلی حکومت

نئی دہلی 30 جون (سیاست ڈاٹ کام )عادم آدمی پارٹی حکومت نے چیف منسٹر اروند کجریوال کی سرکاری رہائش گاہ کے 91,000 روپئے برقی بل پر بی جے پی کی تنقیدوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ اس میں کیمپ آفس اور یہاں آنے والوں کے لئے فراہم کردہ مختلف سہولیات کے ضمن میں برقی چارجس بھی شامل ہیں ۔ حکومت نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کی رہائش گاہ کا برقی بل تقریباً 15,000 روپئے ہے ۔ بی جے پی جو اعداد و شمار پیش کررہی ہے اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔ دہلی بی جے پی نے بھاری برقی بلز پر کجریوال کو تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے عوامی دولت کو اپنے شخصی آرام کیلئے استعمال کرنے کا الزام عائد کیا تھا ۔ حکومت نے اس سے پہلے آر ٹی آئی سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اپریل اور مئی کیلئے کجریوال کی رہائش گاہ کے برقی چارجس 91,000 روپئے ہیں ۔