کجریوال کی آج وارانسی میں آمد ، پرچہ نامزدگی کا ادخال ممکن

ڈگ وجئے سنگھ بھی مودی کے خلاف مقابلہ کیلئے تیار ، کانگریس پارٹی سے فیصلہ کی خواہش

نئی دہلی۔ 24 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی اور سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی کے درمیان کشیدہ تعلقات کو مذاق کا موضوع بناتے ہوئے عام ادمی پارٹی کے لیڈر اروند کجریوال نے آج کہا کہ بی جے پی کے بزرگ لیڈر (اڈوانی) اگر اپنی باتوں پر مودی کی توجہ چاہتے ہیں تو انھیں اپنا نام تبدیل کردینا چاہئے ۔ کجریوال نے مودی کے خلاف پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے وارانسی کو روانگی سے ایک دن قبل کہا کہ ’’اگر اڈوانی چاہتے ہیں کہ مودی ان کی باتوں کی سماعت کریں تو انھیں (اڈوانی کو ) چاہئے کہ اپنے نام سے حرف ‘V’ حذف کردیں‘‘۔ کجریوال دراصل کارپوریٹ صنعتکار عدانی سے مودی کے قریبی تعلقات کا برجستہ حوالہ دے رہے تھے ۔ عدانی گروپ سے مودی کے قریبی تعلقات کو کجریوال اکثر تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

توقع ہے کہ مندروں کے شہر وارانسی میں کل مودی کے خلاف مقابلہ کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد ریلی سے خطاب کے دوران بھی کجریوال اس مسئلہ کو موضوع بنائیں گے ۔ اس دوران بھوپال میں کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ نے آج کہا کہ اگر کانگریس نامزد کرتی ہے تو نریندر مودی کے خلاف وہ حلقہ لوک سبھا وارانسی سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ڈگ وجئے سنگھ نے یہاں اپنی رہائش گاہ پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں وارانسی سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہوں لیکن وہاں سے مقابلہ کیلئے پہلے میری پارٹی کو چاہئے کہ وہ مجھے نامزد کرے اور پارٹی ٹکٹ دیا جائے ‘‘۔ اس بات کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ اترپردیش میں مندروں کے شہر وارانسی سے کانگریس اپنے ایک سینئر لیڈر ڈگ وجئے سنگھ کو مودی کے خلاف مقابلہ کیلئے نامزد کرسکتی ہے ۔ مودی کیخلاف کانگریس ایک طاقتور اُمیدوار نامزد کرنا چاہتی ہے جبکہ عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کجریوال نے بھی بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے خلاف مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔