کجریوال کیخلاف گڈکری کے مقدمہ پر 28 فبروری کو فیصلہ

نئی دہلی ، 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے آج اُس عرضی پر اپنا حکمنامہ 28 فبروری کیلئے محفوظ کردیا، جو بی جے پی لیڈر نتن گڈکری نے دائر کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر اروند کجریوال کو ہتک عزت کی شکایت میں بطور ملزم طلب کرنے کی استدعا کی ہے۔ میٹروپولیٹن مجسٹریٹ گومتی مانوچا نے دلائل کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کردیا جبکہ گڈکری کی داخل کردہ شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انھیں عام آدمی پارٹی لیڈر نے بدنام کیا جنھوں نے اُن کا نام ’’ہندوستان کے نہایت بدعنوان‘‘ قائدین کی پارٹی فہرست میں شامل کیا ہے۔ 31 جنوری کو کجریوال نے کئی سیاست دانوں کو ’’کرپٹ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ عام آدمی پارٹی ان تمام کے خلاف آنے والے لوک سبھا چناؤ میں امیدوار کھڑے کرے گی۔

کمار وشواس اور 29 دیگر کیخلاف امیٹھی میں ایف آئی آر درج
امیٹھی ، 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی لیڈر کمار وشواس اور ایک کانگریس لیڈر کے بشمول 30 لوگوں کے خلاف دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کے درمیان جھگڑے کے بعد ایف آئی آراس ضلع کے پیپر پور پولیس اسٹیشن میں درج کرائے گئے ہیں۔ پولیس نے کہا کہ وشواس کے ایک نمائندے کی شکایت پر ایک ایف آئی آر 15 افراد بشمول یو پی سی سی رکن منا سنگھ کے خلاف درج کی گئی ۔ انھوں نے کہاکہ ایک دیگر ایف آئی آر منا سنگھ کی شکایت پر وشواس کے بشمول 15 عام آدمی پارٹی ورکرس کے خلاف درج کی گئی ہے ۔ ڈی ایس پی ہیرا لال نے کہاکہ تحقیقات کے بعد ضروری کارروائی کی جائے گی۔ وشواس نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اگر پولیس اندرون دو یوم کارروائی نہیں کرتی ہے تو وہ پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ کریں گے ۔