کجریوال کیخلاف شدید تنقید پر بی جے پی کے رامیش بیدھوری کو نوٹس

نئی دہلی ۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی الیکشن کمیشن نے آج بی جے پی ساؤتھ دہلی کے امیدوار رمیش بھیدوری کو اروند کجریوال پر ہندی میں رکیک حملہ پر نوٹس روانہ کی ہے۔ 7 مئی کو مہرولی میں ایک عوامی اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے رمیش نے کجریوال کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے تھے۔ اس جلسہ میں مرکزی وزیر گری راج سنگھ بھی شریک تھے۔ رمیش نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے سابق صدر کنہیا کمار کے خلاف مقدمہ میں رکاوٹ ڈالنے پر کجریوال کو برا بھلا کہا۔ ساؤتھ دہلی کے آپ امیدوار راگھوچڈھا نے رمیش کے خلاف دہلی چیف الکٹورل آفیسر سے شکایت کی تھی۔ بی جے پی ایم پی کو نوٹس کا جواب دینے کیلئے 10 مئی تک وقت دیا گیا ہے۔ رمیش کا مقابلہ ایک طرف کانگریس کے امیدوار باکسر وجیندر سنگھ سے ہے دوسری جانب عاپ امیدوار چڈھا سے ہے۔