کجریوال کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے الیکشن کمیشن کی ہدایت

نئی دہلی ۔ /29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گوا میں ایک انتخابی جلسہ میں عام آدمی پارٹی (عاپ) کے سربراہ اور دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال کی جانب سے رشوت ستانی کے بارے میں کئے گئے ریمارک پر الیکشن کمیشن نے گوا کے انتخابی حکام کو ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے عاپ کے لیڈر کے اس دعوے کو مضحکہ خیز اور قابل مذمت قرار دیا کہ الیکشن کمیشن انہیں اس قسم کے ریمارکس سے روکتے ہوئے رشوت ستانی کی حوصلہ افزائی کررہاہے ۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ قانون عوامی نمائندگی اور ہندوستانی تعزیتی ضابطہ کی مناسب دفعات کے تحت کجریوال کے خلاف ایف آئی آر / شکایت درج کرنا چاہئیے ۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ’’گوا میں عاپ کے اسٹار کیمپینر اور دہلی کے چیف منسٹر کی حیثیت سے کجریوال سے توقع کی جاسکتی تھی کہ وہ قانون کی پابندی کے ساتھ مثالی انداز میں مہم چلاتے ہوئے دوسروں کے لئے ایک قابل تقلید نمونہ ہوں گے ۔ لیکن کئی موقعوں پر انہوں نے ایسے ریمارکس کے ذریعہ الیکشن کمیشن کو دیئے گئے تیقن کی خلاف ورزی کی ہے ‘‘ ۔