نئی دہلی ۔ 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال کو دہلی کی ایک عدالت نے ہتک عزت کے فوجداری مقدمہ میں حاضری سے آج کیلئے استثنیٰ دے دیا۔ نامزد چیف منسٹر نے شخصی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی اور کہا تھا کہ انہیں آج مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کرنا ہے۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ منیش گرگ نے کجریوال کی درخواست قبول کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ 17 مارچ کو عدالت میں حاضری کو یقینی بنائیں۔ عدالت نے شخصی حاضری سے عام آدمی پارٹی قائدین منیش سیسوڈیا اور یوگیندر یادو کو بھی ان ہی بنیادوں پر استثنیٰ عطا کیا۔ قبل ازیں عدالت عام آدمی پارٹی کے تینوں قائدین نے ضمانت منظور کرچکی ہے جبکہ وہ گذشتہ سال ان کے خلاف سمن کے جواب میں عدالت میں حاضر ہوئے تھے۔ یہ سمن ایڈوکیٹ سریندر کمار شرما کی شکایت پر جاری کئے گئے تھے جو قانون تعزیرات ہند کی دفعات 499، 500 (ہتک عزت) اور دفعہ 34 (مشترک مقصد) کے تحت داخل کی گئی تھی۔ عدالت نے کہا کہ ملزم کو بادی النظر میں مواد کے ساتھ حاضر ہونے کے سمن جاری کئے جائیں۔ اروند کجریوال پر امیت شاہ کی ہتک عزت کا مقدمہ ایڈوکیٹ سریندر کمار شرما نے عدالت میں دائر کیا تھا اور ادعا کیا تھا کہ انہوں نے قومی صدر بی جے پی کی بے عزتی کی تھی لیکن اسے ثابت نہیں کرسکے۔