کجریوال کو مودی کیخلاف مشترکہ امیدوار بنانے سے کانگریس کا انکار

بنگلور 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حلقہ لوک سبھا ورانسی سے بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے خلاف مشترکہ امیدوار کی باتوں کو کانگریس نے آج مسترد کردیا اور کہاکہ وہ اپنی پسند کے مقابلہ خود اپنا فیصلہ کرے گی۔ کانگریس کے ایک ترجمان ابھیشک سنگھوی نے پریس کانفرنس کے دوران ایک اخباری نمائندہ کے سوال پر جواب دیا کہ ’’میں آپ کے قوتِ تخیل کو پسند کرتا ہوں۔

یہ ایک بہت اچھا اور زرخیز خیال ہے لیکن اس بات پر آپ کو مایوس کرتے ہوئے مجھے افسوس ہورہا ہے کہ جس کسی معتبر ذرائع سے آپ کو یہ اطلاع ملی ہے میرے پاس ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے‘‘۔ سنگھوی سے سوال کیا گیا تھا کہ چیف منسٹر گجرات کے خلاف کجریوال کو مشترکہ امیدوار بنایا جاسکتا ہے جنھوں نے کہا تھا کہ وہ مودی کے خلاف مقابلہ کے لئے تیار ہیں بشرطیکہ عوام سے اُنھیں منظوری حاصل ہوجائے۔ ابھیشک سنگھوی ’’مودی اور کجریوال کے درمیان لفظی جنگ پر میرے لئے تبصرہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ کانگریس 125 سالہ قدیم جماعت ہے۔ ہم ہر حلقہ اور ہر علاقہ کے بارے میں غور و فکر اور اپنے فلسفہ کے مطابق اپنی پسند اور فیصلوں کا اعلان کریں گے جو آپ کو بھی بہت جلد معلوم ہوجائے گا‘‘۔