بھوپال / نئی دہلی 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے آج چیف منسٹر دہلی ارویند کجریوال کے ’’احتجاج کا راستہ اپنانے‘‘ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے عہدہ کا وقار برقرار رکھنا چاہئے اور مرکز کے ساتھ صف آرائی کی یکسوئی کیلئے دستوری طریقے اپنانے چاہئے کل رات اپنے ٹوئٹر پر ڈگ وجئے سنگھ نے تحریر کیا کہ جب سابق چیف منسٹر دہلی شیلا ڈکشٹ دہلی پولیس کے ساتھ اپنے کام انجام دے سکتی ہیں تو کیا حکومت ان کے قابو میں نہیں تھی۔ عام آدمی پارٹی اُن کا مذاق اڑایا کرتی تھی اسے چاہئے کہ وفد کے ساتھ وزیر اعظم سے ملاقات کریں، ان سے بات چیت کریں اور پارلیمنٹ میں ایک قانون منظور کروانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب کجریوال ملازمت میں تھے کیا انہوں نے کبھی بھی قواعد و ضوابط کی پابندی کی اور کیا ہمیشہ قانون توڑتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر چیف منسٹر دہلی بغیر اجازت دھرنا دیں اور نقض امن پیدا کریں تو کیا انہیں توقع ہے کہ دہلی پولیس ان کی گلپوشی کرے گی۔دریں اثناء نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب کھلے آسمان تلے اپنے وزیر منیش سیسوڈیہ کے ساتھ احتجاج کرنے والے ارویند کجریوال آج اپنی کار میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے تا کہ بارش سے بچ سکیں ۔ دہلی حکومت کے ان کے شخصی عملے نے کہا کہ ان کی صحت ٹھیک نہیں ہے وہ ہلکے بخار اور نزلہ کا شکار ہیں۔ اس لئے وہ اپنی کار میں آرام لینے پر مجبور ہوگئے ۔ سیسوڈیہ صاحب اور ان کی اہلیہ بھی ان کے ساتھ ہیں ۔ کل رات کجریوال کھلے آسمان تلے سڑک پر سوئے تھے جبکہ ان کے حامیوں نے الاؤ جلا کر گیت گانے اور نعرہ بازی کرنے میں رات گذاری۔
بعض کارکنوں کو بارش سے بچنے کیلئے پارٹی پوسٹرس اوڑھتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ حالانکہ صبح میں ہجوم کم تھا لیکن شام میں پارٹیوں حامیوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ۔ آج دوسرے دن بھی نئی دہلی کے مسافرین کو چیف منسٹر کے شہر کے قلب میں دھرنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا تھاکیونکہ عہدیداروں نے چار میٹرو اسٹیشنس بند کردیئے تھے اور بسوں کا راستہ تبدیل کردیا تھا۔ مرکزی سکریٹریٹ کی شاہراہ کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔ پولیس کا یہ انتظام تا اطلاع ثانی جاری رہنے والا ہے ۔ دفاتر پہنچنے کیلئے سرکاری ملازمین کو تقریبا چار کیلو میٹر کا فاصلہ پیدل طئے کرنا پڑا ۔ اس کے بعد بھی انہیں اپنے دفتر تک پہنچنے میںکافی مشکلات درپیش ہوئیں۔ عوام کو درپیش مشکلات کا ذمہ دار کجریوال نے مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے کو قرار دیا اور کہا کہ دہلی پولیس نے میٹرو اسٹیشنس کی خدمات کل 9 بجے دن سے بند کردی جس کے نتیجہ میںمشکلات پیش آئیں۔