کجریوال کوکامیابی کا یقین ‘ روڈ شو کا آغاز

وارناسی۔9مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وارناسی کا بذریعہ کار دورہ کرنے کے نریندر مودی کی کارروائی کے ایک دن بعد آج اروند کجریوال نے جو عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور مودی کے حریف امیدوار ہیں حلقہ انتخاب کے دیہی علاقوں سے اپنے روڈ کا آغاز کیا ۔ بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار کے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ دورہ پر تنقید کرتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ انہیں اپنی کامیابی کا یقین ہے اور وہ ’’ زبردست اکثریت ‘‘ سے کامیابی حاصل کریں گے ۔ انہوں نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ ہر قسم کی چال چل رہی ہے جس میں فرقہ وارانہ اور ذات پات پر مبنی سیاست بھی شامل ہے ۔ اس کے علاوہ تشدد کا سہارا بھی لیا جارہا ہے اور ذرائع ابلاغ کو رشوت بھی دی جارہی ہے ۔ عام آدمی پارٹی قائد نے کہا کہ وارناسی کے عوام واضح کردیں گے کہ ہیلی کاپٹر سے آنے والا

اور صرف دو گھنٹے انتخابی مہم چلانے والا شخص کیا اُن کی خدمت کرسکتا ہے ۔ عام آدمی پارٹی زبردست اکثریت سے وارناسی میں کامیابی حاصل کرے گی ۔ نریندر مودی کو شکست ہوگی کیونکہ وارناسی کے عوام حقیقت سے واقف ہے ۔ آج بنارس ہندو یونیورسٹی کی گیٹ سے اپنے روڈ شو کا آغاز کرتے ہوئے کجریوال نے کامیابی کا دعویٰ کیا تھا ۔ کل شام نریندر مودی نے بھی یہیں سے بذریعہ کار وارناسی کے دورہ کا آغاز کیا تھا ۔ انتخابی مہم میں شدید گرمی کے باوجود درجہ حرارت 45ڈگری ہوجانے کے باوجود اچانک گرما گرمی پیدا ہوگئی ہے ۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی بھی پارٹی کے امیدوار اجئے رائے کی تائید میں کل روڈ شو منعقد کرنے والے ہیں ۔ کجریوال جو توقع ہے کہ آج ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ گذشتہ ایک ماہ سے شدید انتخابی مہم چلارہے ہیں ‘ خاص طور پر دیہی علاقوں اور اقلیت کی غالب آبادی والے علاقوں میں ان کی مہم جاری ہے ۔