نئی دہلی۔ 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے اچانک معائنہ کا اپنا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے آج دو بڑے سرکاری اسپتالوں کا پیشگی اطلاع کے بغیر دورہ کیا اور وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر صحت ستیندر جین اور محکمہ صحت کے سینئر عہدیداروں کے ہمراہ چیف منسٹر نے لوک نائیک جئے پرکاش ہاسپٹل اور جی بی پنتھ ہاسپٹل کا معائنہ کیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ چیف منسٹر نے جی بی پنتھ ہاسپٹل کے ڈائریکٹر کو اپنے دفتر طلب کیا جب انہیں وہاں بعض ادویات کی قلت کے تعلق سے واقف کرایا گیا۔ چیف منسٹر نے دونوں دواخانوں میں ادویات کے حصول کیلئے قطار میں ٹھہرے مریضوں سے گفتگو کی اور ان سے دریافت کیا کہ آیا انہیں تمام تجویز کردہ ادویات مل رہی ہیں یا نہیں۔ حکومت نے بعد میں ایک بیان میں کہا کہ جی بی پنتھ ہاسپٹل میں عدم دستیاب تھیں ۔ چیف منسٹر نے خود ادویات کے ریکارڈس کی چیکنگ کی ۔ انہوں نے دواؤں کی قلت کے تعلق سے جانکاری ملنے پر جی بی پنتھ کے ڈائریکٹر کو دہلی سیکریٹریٹ میں اپنے دفتر کو فوری طلب کیا تھا۔ ایل این جے پی ہاسپٹل میں مریضوں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ انہیں ہاسپٹل کاؤنٹر سے درکار ادویات حاصل ہورہی ہیں تاہم چیف منسٹر نے دونوں دواخانوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ / ڈائریکٹر سے کہا کہ میڈیسن کاؤنٹر پہ انتظار کے وقت کو ممکنہ حد تک مختصر کیا جائے۔ اسپتالوں میں مزید فارماسسٹ کی ضرورت کے بارے میں کجریوال نے کہا کہ وہ لیفٹننٹ گورنر سے نئے فارماسسٹ کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز کو منظوری دینے کی اپیل کریں گے۔ حکومت دہلی نے کہا کہ فارماسسٹ کی تعداد میں اضافہ سے ہاسپٹل میں قطاریں مختصر ہوجائیں گی اور ان کے تیمار داری کرنے والوں کا وقت اور توانائی بچیں گے۔