کجریوال کا ہنوزسرکاری فلیٹ میں قیام

ماہانہ 85,000 روپئے کرایہ ادا کرنے حکومت ِ دہلی کی ہدایت
نئی دہلی۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت دہلی نے عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال کو فلیٹ کا ماہانہ کرایہ 85 ہزار روپئے ادا کرنے کی ہدایت دی۔ وہ چیف منسٹر دہلی کی حیثیت سے مستعفی ہونے کے بعد ایک ماہ سے زائد عرصہ سے اسی فلیٹ میں مقیم ہیں۔ کجریوال نے اپنی لڑکی کے امتحانات کی بناء ماہ مئی تک وسطی دہلی میں واقع اس فلیٹ میں رہنے کی اجازت مانگی تھی۔

اسپیشل سکریٹری پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ نے یہ نوٹس جاری کی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ کجریوال کو یکم مارچ سے ماہانہ 85 ہزار روپئے کرایہ دینے کی ہدایت دی گئی ہے اور انہیں اندرون ایک ہفتہ نوٹس کا جواب دینے کیلئے کہا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ کجریوال یہ کرایہ ادا کریں گے۔

مودی اور ملائم کا بائیکاٹ
علیگڑھ مسلم یونیورسٹی ٹیچرس کا فیصلہ
علیگڑھ ۔27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ کی جانب سے مظفر نگر میں فسادات کیلئے سماج وادی پارٹی حکومت کو ذمہ دار قرار دینے کے بعد سکریٹری علیگڑھ مسلم یونیورسٹی ٹیچرس اسوسی ایشن آفتاب عالم نے کہا کہ عنقریب ایک قرارداد منظور کی جائے گی جس میں اُترپردیش اور بہار کے رائے دہندوں کو فرقہ پرست اور فسطائی طاقتوں کو ووٹ نہ دینے کی اپیل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی تقریباً 20 ہزار فسادات کے متاثرین بے گھر ہیں اور ملزمین جنہوں نے مظفر نگر میں فسادات کی حوصلہ افزائی کی ، وہ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں یا پھر آزاد گھوم پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے بتایا کہ مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں نریندر مودی اور ملائم سنگھ یادو کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی جائے گی۔