نئی دہلی ۔ 19 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج اُس عرضی کی ہنگامی سماعت سے انکار کیا جس کے ذریعہ استدعا کی گئی ہے کہ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور اُن کے کابینی رفقاء کے یہاں لیفٹننٹ گورنر کے دفتر میں دھرنا کو غیردستوری قرار دیا جائے ۔ کجریوال اور اُن کے وزراء ایل جی انیل بائیجل کی آفس میں 11 جون کی شام سے دھرنا پر بیٹھے ہیںتاکہ اپنے مطالبات پر زور ڈالا جاسکے ۔ جسٹس ایس اے نظیر اور جسٹس اندو ملہوترا پر مشتمل وکیشن بنچ نے کہاکہ اس عرضی کو گرمائی تعطیلات کے بعد سماعت کے لئے ڈالا جائے گا ۔ درخواست گذار ہریناتھ رام کی پیروی کرتے ہوئے وکیل ششانک سوڈھی نے اس عرضی پر ہنگامی سماعت کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے یہاں ایل جی کے آفیس کے اندرون غیردستوری اور غیرقانونی احتجاج کے سبب دستوری بحران پیدا کردیا گیاہے ۔ علاوہ ازیں شہریوں کو سخت مشکلات کے حوالے کردیا گیا ہے ۔