بنگلورو ۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کو آج نیچروپیتھی کے ادارہ میں شریک کردیا گیا جو شہر کے مضافات میں ہے۔ وہ مستقل پرانی کھانسی کے مسائل اور دیگر امراض کا 10 دن تک علاج کروائیں گے۔ عام آدمی پارٹی قائد ایرپورٹ سے دوپہر کے وقت اپنے والدین کے ہمراہ سیدھے جندل نیچرکیور انسٹیٹیوٹ واقع ٹمکور روڈ پہنچیں۔ چیف میڈیل آفیسر ڈاکٹر ببینانندکمار نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کجریوال کی کھانسی اور دیگر امراض کا علاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار اس مرض پر قابو حاصل ہوجائے تو کجریوال اپنے مکان واپس ہوسکیں گے۔ ڈاکٹر انہیں پرہیز کا بھی مشورہ دیں گے جس کے وہ پہلے ہی سے عادی ہیں۔ 10 دن تک دواخانہ میں شریک رہنے کے دوران ان کے معائنے کئے جائیں گے تاکہ ان کے مرض کا پتہ چلایا جاسکے۔ ہمیں ان کا مکمل معائنہ کرنا ہوگا اس کے بعد جو بھی معائنے کرنے ہوں گے وہ بھی کئے جائیں گے۔ اس کے بعد ہی ان کے جسمانی نظام درست کیا جاسکے گا اوران کے مرض دور کئے جائیں گے۔ گذشتہ مرتبہ جب وہ دواخانہ میں شریک ہوئے تھے ذیابیطس کے علاج کیلئے آئے تھے۔