احمدآباد 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال گجرات کے اپنے 4 روزہ دورہ کا کل آغاز کریں گے تاکہ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کے ’’ترقیاتی‘‘ دعوؤںکا جائزہ لیں گے۔ نئی پارٹی تشکیل دینے کے بعد اِس ریاست کو اپنے پہلے دورہ میں کجریوال ابتدائی تین یوم گجرات کے کئی مقامات کا سفر کریں گے اور چوتھے روز اِس شہر میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ پارٹی کے گجرات کنوینر سکھدیو پٹیل نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ کجریوال نے اپنے دورۂ اترپردیش کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ گجرات جاکر نریندر مودی حکومت کے ترقیاتی دعوؤں کی جانچ کریں گے۔ کجریوال کل صبح احمدآباد پہنچیں گے جہاں عام آدمی پارٹی ورکرس بڑی تعداد میں اُن کا استقبال کریں گے۔