کجریوال پرحکومت گوا کے صرف 500 روپئے خرچ

پاناجی ۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے حالیہ دورہ گوا کے موقع پر سرکاری گیسٹ ہاؤز میں قیام سے انکارکیا اور حکومت نے ان کے دوروں پر صرف 500 روپئے کی معمولی رقم خرچ کی ہے۔ ریاستی وزیر پروٹوکول دلیپ پرولیکر نے ریاستی اسمبلی کو بتایا کہ چیف منسٹر دہلی کو گاڑیاں اور ریاستی سرکاری گیسٹ ہاؤز میں رہائش فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ ایرپورٹ پر ان کا استقبال اور وداع کیا گیا۔ کجریوال نے سرکاری گیسٹ ہاؤز میں رہائش کی سہولت سے استفادہ نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے پہلے دورہ کے موقع پر انہیں 500 روپئے کا گلدستہ پیش کیا۔ گوا وکاس پارٹی کے رکن اسمبلی فرانسیسکو مکی پچیکو نے کجریوال کے دورہ پر مصارف کے بارے میں سوال کیا تھا۔ چیف منسٹر دہلی نے 22 مئی اور 28 جون کو گوا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جلسہ عام سے خطاب کے علاوہ سماج کے مختلف طبقات سے تبادلہ خیال کیا تھا۔ عام آدمی پارٹی نے مارچ 2017ء میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات میں گوا کی تمام 40 نشستوں سے مقابلہ کا اعلان کیا ہے۔