دواخانہ میں کئی معائنے، کھانسی بخار کی شکایت
غازی آباد ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال علیل ہوگئے ہیں۔ آج دفتر نہیں گئے۔ دواخانہ میں ان کے سلسلہ وار معائنے کئے گئے۔ کل 30 گھنٹے کے احتجاج کے بعد انہیں شدید بخار اور کھانسی لاحق ہوگئی۔ 45 سالہ کجریوال جنہوں نے ریلوے بھون کے باہر اپنے احتجاج کے دوران زیرسماں سردتر رات گذاری تھی۔ آج بخار میں مبتلاء ہوگئے۔ ان کا یشودھا ہاسپٹل میں سی ٹی اسکان کے شمول مختلف معائنے کئے گئے، جہاں انہوں نے 45 منٹ گذارے۔ کجریوال کے فیملی ڈاکٹر بپن متل نے کہا کہ میں نے انہیں سختی سے مشورہ دیا ہیکہ وہ دو دن تک آرام کریں تاکہ ان کے گلے کی حالت بہتر ہوسکے۔ کاسمبی میں اپنے مکان پہنچنے کے بعد کجریوال نے دہلی حکومت کے سینئر عہدیداروں سے سلسلہ وار ملاقات کی۔ ڈاکٹر سنیل جنہوں نے دواخانہ میں کجریوال کا علاج کیا، کہا کہ چیف منسٹر کو مسلسل کھانسی آرہی ہے۔ ہم نے ان کے کئی معائنے کروائے ہیں۔ اسی دوران دہلی پولیس نے چیف منسٹر اروند کجریوال کے دھرنے کے سلسلہ میں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ہے۔ ریلوے بھون کے باہر دھرنے کے دوران کئی موقعوں پر تشدد کے نظارے دیکھے گئے تھے۔ یہ علاقہ نہایت ہی سیکوریٹی والا ہے جہاں پر امتناعی احکامات نافذ کئے گئے ہیں۔ کل رات پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن پر ایک کیس درج کیا گیا ہے۔
اروندھتی رائے کی والدہ عام آدمی پارٹی میں شامل
کوٹاپم ۔ 22 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) خواتین کے حقوق کی علمبردار اور بوکر پرائز حاصل کرنے والی مصنفہ اروندھتی رائے کی والدہ میری رائے نے عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پوری توقع ہے کہ عام آدمی پارٹی ملک میں معیاری سیاست کو روبہ عمل لاتے ہوئے ملک کے حالات کو تبدیل کرسکتی ہے ۔ دوسری دیگر پارٹیاں اب پرانی اور کمزور ہوچکی ہیں اور ملک میں تبدیلی لانے میں ناکام ہیں۔ آج ملک میں انقلاب کی ضرورت ہے اور عام آدمی پارٹی یہ کام کرسکتی ہے ۔ میری رائے ایک کامیاب سماجی کارکن ہیں جو خواتین کے حقوق کیلئے ہمیشہ لڑتی آئی ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتہ ملیالم زبان کی مصنفہ سارہ جوزف نے بھی عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔