غازی آباد ۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نئی دہلی کے نامزد وزیراعلیٰ اروند کجریوال کے یہاں منعقدہ جنتا دربار میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں ایک 25 سالہ نوجوان جمیل احمد نے جو دیولی کا ساکن ہے اور جو جنتا دربار میں شرکت کیلئے آیا تھا، اس نے عام آدمی پارٹی (AAP) سے اظہاریگانگت کے لئے بلیڈ سے اپنی کلائی کاٹ ڈالی اور کہا کہ ’’سبھاش چندر بوس نے کہا تھا کہ تم مجھے خون دو، میں تمہیں آزادی دوں گا‘‘۔ اروند کجریوال سے جمیل احمد نے کہا کہ ’’سر میں آپ کے ساتھ ہوں۔ آپ کیلئے میں کچھ بھی کرسکتا ہوں‘‘۔ اروند کجریوال نے جیسے ہی جمیل کی کٹی ہوئی کلائی دیکھی، انہوں نے AAP ورکرس کو اسے فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ ہاسپٹل میں شریک کرنے کے بعد جمیل احمد کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ جمیل احمد جنتا دربار میں دہلی کے جھگی سسٹم کے خلاف کجریوال سے شکایت کرنے وہاں پہنچا تھا اور اس نے کجریوال سے درخواست کی تھی کہ وہ اس سلسلہ میں کوئی مثبت قدم اٹھائیں۔