حزب مخالف کے لیڈر کی ان کے کردار کو مسخ کرنے کی شکایت
نئی دہلی۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی لیڈر وجیندر گپتا نے دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال اور ان کے نائب منیش سسوڈیا کے خلاف عدالت میں ازالہ حیثیت عرفی کا مقدمہ دائر کردیا ہے جس سے ان کے کردار کو مسخ کرنے کی شکایت کی گئی ہے۔ اس سے قبل ان پر عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال کے قتل کی سازش کا حصہ ہونے کا الزام بھی لگایا گیا تھا۔ گپتا نے ایک ہفتہ پہلے کجریوال اور سسوڈیا کو ان سے معافی مانگنے کیلئے قانونی نوٹس بھی جاری کی۔ انہوں نے بتایا کہ ’’میں نے پٹیالہ ہاوز میں ازالہ حیثیت عرفی کا کیس داخل کردیا، تاہم انہوں نے میری قانونی نوٹس کا کوئی جواب نہیں دیا۔ وجیندر گپتا دہلی اسمبلی کے حزب مخالف کے قائد بھی ہیں۔ انہوں نے دہلی کے چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروا دی ہے جس میں کجریوال اور سسوڈیا پر انہیں ایک جھوٹی سازش میں غلط طریقہ میں ملوث کرنے کا الزام بھی لگایا۔