ممبئی 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) عدالت نے دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال اور دیگر 7 افراد کو سیاسی جلسہ عام منعقد کرنے کے مقدمہ میں بری کردیا۔ اُنھیں ضروری پولیس اجازت کے بغیر جلسہ عام منعقد کرنے کے الزام میں مقدمہ میں ملزم قرار دیا گیا تھا۔ عام آدمی پارٹی قومی کنوینر اور دیگر افراد بشمول مادھو پاٹکر اور میرا سانیال کے خلاف مہاراشٹرا پولیس نے مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کئے تھے۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ پی کے دیشپانڈے نے کجریوال اور دیگر کو بری کرتے ہوئے اپنے تبصرے میں کہاکہ پولیس ملزمین کے خلاف اپنے بیان کا ثبوت نہیں دے سکی ہے کہ اُس نے جلسہ عام کے انعقاد کی اجازت دینے سے انکار کیا تھا۔