کجریوال‘ کانگریس کے خلاف آر ایس ایس منصوبہ کا حصہ : ڈگ وجئے سنگھ

نئی دہلی ۔15فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی کامیابی کو کانگریس نے آج نیا موڑ دینے کی کوشش کی ہے اور اس پارٹی کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ اروند کجریوال بھی ’’ کانگریس مکت بھارت‘‘ ( کانگریس سے پاک ہندوستان) سے متعلق آر ایس ایس کے بڑے منصوبہ کا حصہ ہیں ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’ کجریوال بھی ’ کانگریس مکت بھارت‘ سے متعلق آر ایس ایس کے جامع منصوبہ کا ایک حصہ ہیں ۔ میں جانتا ہوں کہ اس بات پر آر ایس ایس اور کجریوال دونوں ہی کے حامی مجھے برا بھلا کہیں گے ‘‘ ۔ آر ایس ایس پر تنقید کرتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ وہ پہلے بھی کہہ چکے تھے کہ انا ہزارے کی تحریک کے پیچھے سنگھ پریوار کارفرما ہے۔ ڈگ وجئے سنگھ نے مزید لکھا کہ ’’ جب میں نے کہا تھا کہ انا ہزارے کی تحریک کے پس پردہ آر ایس ایس کارفرما ہے لیکن کسی نے بھی مجھ پر یقین نہیں کیا تھا اور مجھے پاگل کہا گیا تھا ۔ لیکن بالآخر یہ قطعی طور پر ثابت ہوگیا کہ میں صحیح تھا اور اس مرتبہ بھی میں ہی صحیح ثابت ہوں گا ‘‘ ۔