کتھلاپور 3 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملاپور منڈل میں مارکفیڈ کے زیراہتمام قائم کردہ جوار اور مکئی کی خریدی کے مرکز کا افتتاح انجام دیا گیا۔ اس موقع پر اپنی تقریر میں مسٹر ودیا ساگر راؤ رکن اسمبلی کورٹلہ نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کے ہر گاؤں میں پینے کا پانی فراہم کرنا ٹی آر ایس حکومت کا اولین مقصد ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بدلے ہوئے موسمی حالات کے پیش نظرکسانوں نے دھان کی کاشت کے بجائے زیادہ تر مکئی اور جوارکی کاشت کی۔ اُنھوں نے کہاکہ کسانوں نے سخت محنت سے کاشت کرتے ہوئے جو پیداوار کی ہے وہ کہیں دلالوں کے ہاتھ نہ لگ جائے۔ اس مقصد کے تحت چیف منسٹر اور متعلقہ وزیر کے علم میں لاکر حلقہ اسمبلی ملاپور، کورٹلہ، مٹ پلی، ابراہیم پٹنم مارکفیڈ کے ذریعہ جوار اور مکئی کی خریدی کے مراکز منظور کروائے ہیں۔ اس خریدی مرکز میں کنٹل مکئی و جوار کی 1310 قیمت ادا کی جائے گی۔ ایم پی پی بدم وچلے، ایم پی ڈی او سنتوش کمار، چیرمین سریندر ریڈی، مارکفیڈ ڈی ایم چندرا پرکاش، تحصیلدار گنگادھر نے شرکت کی۔