نئی دہلی۔2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نوٹ بندی پر تنقید جاری رکھتے ہوئے کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ وہ قوم کے سامنے اس بات کا اعلان کریں کہ کالا دھن اور جعلی کرنسی کس قدر برآمد کی گئی ہے۔ یہ بھی انکشاف کیا جائے کہ دہشت گرد کارروائیوں کے لئے کس قدر فنڈس استعمال کیئے جارہے ہیں۔ پارٹی ترجمان منیش تیواری نے حکومت سے یہ بھی جاننا چاہا کہ عوام کے بینک اکائونٹس میں 14.86 لاکھ کروڑ روپئے جو جمع ہوئے ہیں وہ کس کی تحویل میں ہیں اور انہیں عوام میں کس طرح تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 8 نومبر کو 1.2 بلین عوام پر کئے گئے سرجیکل اسٹرائک کے بعد وزیراعظم گزشتہ 3 دن سے اپوزیشن کے کسی بھی اہم سوال کا جواب نہیں دے رہے ہیں۔