کوڑنگل میں قومی ہفتہ لائبریری تقاریب کا اختتام، ایس ایم غوثن کا خطاب
کوڑنگل /22 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) لائبریرین گورنمنٹ برانچ لائبریری کوڑنگل مسٹر وینکٹیش کی زیر نگرانی 14 تا 20 نومبر ہفتہ بھر سے جاری قومی ہفتہ لائبریری تقاریب کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس دوران طلبہ کے مابین ڈرائنگ مقابلے، کوئز مقابلے، تحریری و تقریری مقابلے، رنگاولی مقابلے وغیرہ منعقد کئے گئے۔ 20 نومبر کو بڑے پیمانے پر اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔ مذکورہ مقابلوں میں بہترین مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں مسٹر کرشنم راجو ساکشرا بھارت امپلائز اسوسی ایشن پریسیڈنٹ کے ہاتھوں انعامات کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس پروگرام میں موظف ٹیچر مسٹر شیوراج، ایس ایم غوثن ڈپٹی سرپنچ، ایم پی ٹی سی ممبر این راجندر، کرانتی کمار، چندرا موہن، ناگراج، وینکٹ راملو، پون، مدھو، نرہری، نوین اور رگھو وغیرہ نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ایم غوثن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں علوم کی جو دنیا آباد ہے، وہ کتابوں کی مرہون منت ہے۔ کتابیں ہمارے لئے وراثت اور عظیم سرمایہ ہیں، جن میں صدیوں کی تاریخ، تہذیب، ثقافت اور قلمی ثروت پوشیدہ ہیں۔ ان ہی کتابوں کی مدد سے ہم اپنے ماضی کی درخشاں تاریخ اور سبق آموز علوم سے مستفید ہوتے ہیں۔ کتابیں انسان کو عظیم سے عظیم تر منازل تک پہنچانے کا وسیلہ ثابت ہوتی ہیں۔ آج پوری دنیا پر علوم و فنون کی حکمرانی ہے۔ انھوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ لائبریری سے استفادہ کریں۔ مسٹر وینکٹیش کے شکریہ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔