کبیر کے نام کا سیاسی استعمال کر رہی ہے بی جے پی:مایاوتی

لکھنؤ، 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) کبیر کی جائے وفات مگہر میں وزیر اعظم کے دورے کو سیاسی اغراض پرمبنی قرار دیتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) صدر مایاوتی نے جمعرات کو کہا کہ سستی مقبولیت حاصل کرنے کے فراق میں مسٹرمودی عظیم سنت کے نام کا استعمال کر رہے ہیں۔محترمہ مایاوتی نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ لوک سبھا انتخابات نزدیک آتے ہی وزیر اعظم نریندر مودی کو سنت کبیر کی یاد آ رہی ہے ۔ یہ ووٹ بینک کی سیاست نہیں تواور کیا ہے ۔ سنت کبیر اپنے قول وفعل سے زندہ وجاویدہیں۔ وہ لوگوں کے دلوں میں محبوب ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ان کے نام پر سستی مقبولیت والی سیاست کرنے سے باز آنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ عوام ایسے مفاد کی سیاست کو خوب اچھی طرح سے سمجھنے لگی ہے اور وہ مزیددھوکہ کھانے کے لئے تیار نہیں ہے ۔پوروانچل کے ترقی کے معاملے میں وزیر اعظم مودي اور یوگی حکومت نے ابھی تک جو بھی کام کئے ہیں وہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے جبکہ وعدہ کیا گیا تھا کہ مرکز اور ریاست میں بی جے پی حکومت بن جانے پر ترقی کی گنگا بہا دی جائے گی اور یہاں کے کروڑوں غریبوں، مزدوروں، کسانوں، نوجوانوں کیلئے آسمان سے تارے توڑ کر لائے جائیں گے اور بے روزگاروں کی منتقلی روکی جائیگی۔بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ اس کے برعکس عام انسانوں کے لیے قانون کے نظام کے ساتھ ساتھ عوامی مفاد اور ترقی کے ہر معاملے میں حالات اور بھی زیادہ بدتر ہوتے جا رہے ہیں، جس سے عوام دوچار ہے ۔