کبڈی کھلاڑیوں کو تہنیت

نئی دہلی،3نومبر(سیاست ڈاٹ کام) نو جوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر مملکت آزادانہ چارج وجئے گوئل نے آج یہاں کبڈی ٹیم کو تہنیت پیش کی، جس نے حال ہی میں کبڈی کا عالمی کپ 2016ء جیتا ہے ۔ کوچنگ اسٹاف کے ساتھ انوپ کمار کی قیادت میں ٹیم نے آج وجئے گوئل سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر اپنی تقریر کے دوران وزیر موصوف نے اعلان کیا کہ کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو انفرادی طور پر اعزاز دیا جائے گا اور ہر ایک کو 10، 10 لاکھ روپئے کی رقم پیش کی جائے گی۔ شری  گوئل نے کہا کہ ہندوستان اس بات کی بھرپور کوشش کرے گا کہ مستقبل کے اولمپک گیمز میں کبڈی کو بھی شامل کیا جائے۔

 

مصباح کے امریکی ٹی وی پر چرچے
نیویارک، 3نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی ٹسٹ کیپٹن مصباح الحق کے چرچے امریکی ٹی وی سیریز تک پہنچ گئے ہیں ۔ امریکی ٹی وی چینل کی سیریز ’نیوز روم‘ کے ایک سین میں اٹلانٹس کیبل نیوز کے پروڈیوسر جیری دنتانا ایک ٹویٹ پڑھتے ہوئے مصباح کے نام پر چونکتے ہیں اور تفصیلات جاننے کی کوشش کرتے ہیں تو انہیں پتہ چلتا ہے کہ مصباح کرکٹر ہیں۔ نیوز روم امریکی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی ڈرامہ سیریز ہے۔ آرون سورکن کی تخلیق میں سیاست کو موضوع بنایا گیا۔ ڈرامہ میں دکھایا گیا ہے کہ ٹی وی اینکر ول مک آوائے (جیف ڈینیئلز) اپنے ساتھیوں کے ساتھ ایک نیوز شو کرتے ہیں، جس میں وہ کارپورٹ اور تجارتی معاملات میں حائل رکاوٹوں اور آپسی جھگڑوں کو زیر بحث لایا جاتا ہے ۔