کاپوطبقہ کے ایک فرد کی خودکشی

حیدرآباد۔ یکم فبروری ( پی ٹی آئی)  آندھراپردیش میں کاپو طبقہ کو تحفظات کے مطالبہ کیلئے جاری احتجاج کے درمیان اس طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے اپنی برادری کو تحفظات کی عدم فراہمی اور آندھراپردیش کو مرکز کی طرف سے خصوصی ریاست کا موقف نہ دیئے جانے پر خودکشی کرلی ۔ 45 سالہ سی ایچ وی مورتی نے کاکیناڈا کے کلکٹریٹ میں واقع بینٹ کلب کے رقیب ڈش اینٹینا  سے لٹک کر پھانس لے لی ۔ پولیس انسپکٹر ( اسپیشل برانچ)  کاکیناڈا  وی سرینواس نے کہا کہ ’’ متوفی کے جیب سے ایک مکتوب برآمد ہوا جس میں کہا گیا ہے کہ کاپو طبقہ کو پسماندہ طبقات کی فہرست میں شامل نہ کئے جانے اور آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کا زمرہ نہ دیئے جانے پر وہ خودکشی کررہا ہے ‘‘ ۔  انہوں نے کہا کہ مورتی کا تعلق کاپو برادری سے تھا لیکن اس کا کوئی سیاسی پس منظر نہیں تھا ۔ وہ پیشہ کے اعتبار سے ٹیلی ویژن میکانک اور کاکیناڈا کا ساکن تھا ۔