کاٹے دھن میں آگ لگنے کا واقعہ : فیکٹری خاکستر

حیدرآباد /26 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ کاٹے دھن میں پیش آئے جب آتشزدگی کے واقعہ میں ایک فیاکٹری جلکر مکمل طور پر خاکستر ہوگئی ۔ آگ کے شعلوں کو دیکھ کر مقامی عوام خوف زدہ ہوگئے اور سارے علاقہ میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ حکام نے شعلوں کو دیکھتے ہوئے برقی سربراہی کو بند کردیا تھا اور رات 8 بجے کی آخری اطلاعات تک بھی آگ مکمل طور پر قابو میں نہیں آسکی ۔ تقریباً 12 فائر بریگیڈ گاڑیوں کی جدوجہد کے باوجود رات 8 بجے تک آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا تھا ۔ ایک طرف فائر بریگڈر کی گاڑیاں اور دوسری طرف واٹر ٹینکروں سے پانی بروقت پہونچنے کے باوجود آتش فرو عملہ کو جدوجہد کرنی پڑی ۔ فیاکٹری میں جس کے نام کا شبہ نہ چل سکا تکیہ اور بستر تیار کرنے کے فوم ( اسپنچ ) تیار کئے جاتے ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق فوم کے گدے بھی یہاں تیار ہوتے ہیں ۔ انسپکٹر مائیلادیوپلی مسٹر سید نعیم الدین جاوید نے بتایا کہ آگ تقریباً 2 بجے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیاکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ آگ کی گرمی اور تپش سے دیواریں اور چھت کو شدید نقصان پہونچا تاہم انہوں نے بتایا کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ جیسے ہی آگ نے زور پکڑا فیاکٹری کے مزدور فرار ہوگئے اور اس فیاکٹری کا مالک کا بھی کوئی پتہ نہ چل سکا ۔ فیاکٹری میں فوم اور پیٹرولیم جیل اشیا کی تیاری جاری تھی تاہم آگ پر قابو پانے کے کوئی احتیاطی اقدامات نہیں تھے ۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد کہا کہ شاک سرکٹ سے آگ لگنے کا شبہ ہے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔