لندن ، 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل کائونٹی کرکٹ میں آتے ہی چھاگئے۔ انھوں نے ڈربی شائر کے خلاف میچ میں 8 وکٹیں لے کر ووسٹرشائر کو اننگز اور 64 رنز سے کامیابی دلادی۔ اجمل نے دوسری اننگز میں بھی 40 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آٰؤٹ کیا، یہاں تک کہ ڈربی شائر ٹیم 149 رنز پر آئوٹ ہو گئی۔ اس سے قبل پہلی اننگز میں بھی پاکستانی جادوگر اسپنر نے 4 وکٹیں حاصل کئے تھے۔ ناکام ٹیم نے پہلے بیٹنگ کر کے 219 رنز بنائے تھے، اور ووسٹرشائر نے جوابی اننگز 9 وکٹ پر 432 رنز بناکر ڈیکلیر کی۔ الیکس کرویزی 110، معین علی 99 اورگیراتھ اینڈریو 71 رنز کے ساتھ نمایاں اسکوررس رہے۔
چینائی کی کولکاتا کیخلاف 34 رنز سے جیت
رانچی، 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انڈین پریمیر لیگ کی یو اے ای سے وطن کو واپسی ہوئی جیسا کہ جاریہ آئی پی ایل 7 کا ابتدائی مرحلہ لوک سبھا انتخابات کے باعث سکیورٹی پرسونل کی کمی کے پیش نظر بیرون ملک انعقاد کے بعد جمعہ کو یہاں جے ایس سی اے انٹرنیشنل اسپورٹس کامپلکس میں چینائی سوپر کنگس نے کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو 34 رنز سے شکست دی۔ قبل ازیں بارش کی وجہ سے میچ 17 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ مہیندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور چینائی ٹیم نے 148/3 کا اچھا اسکور کھڑا کیا، اوپنر برینڈن میک کلم نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ کولکاتا ٹیم 114/9 تک محدود رہی، حالانکہ اواخر میں یوسف پٹھان نے 29 گیندوں میں 41 رنز (چار چھکے) بنائے۔ اوپنر روبن اُتھپا نے 47 کا ٹاپ اسکور کیا جبکہ کپتان گوتم گمبھیر 6 پر رن آؤٹ ہوگئے۔ رویندر جڈیجا نے 4/12 کی شاندار بولنگ کی اور ’مین آف دی میچ‘ قرار پائے۔