بی جے پی ۔ اکالی دل اتحاد کا صرف 21 وارڈس کے ساتھ مایوس کن مظاہرہ
لدھیانہ میونسپل کارپوریشن انتخابات
لدھیانہ۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) لدھیانہ کے میونسپل کارپوریشن انتخابات میں کانگریس پارٹی نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے زبردست کامیابی حاصل کی ہے جہاں اس نے 95 وارڈس کے منجملہ 62 وارڈس پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بی جے پی شرمناک کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 10 نشستوں پر ہی سمٹ گئی۔ بی جے پی اور شرومنی اکالی دل اتحاد مجموعی طور پر 21 وارڈس پر جیت پایا۔ اسی طرح لوک انصاف پارٹی جس کی قیادت رکن اسمبلی سمت سنگھ بینس نے کی، 7 وارڈس پر قبضہ کرنے میں کامیاب رہا۔ جبکہ آزاد امیدواروں نے بھی 4 وارڈس پر کامیابی درج کرائی ہے۔ عام آدمی پارٹی کیلئے بھی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کافی مایوس کن رہے جس نے 31 وارڈس پر مقابلہ کرنے کے باوجود محض ایک وارڈ پر ہی کامیابی درج کرا سکی۔ واضح رہے کہ 24 فروری کو لدھیانہ میونسپل کارپوریشن انتخاب منعقد ہوئے تھے۔ چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ نے اس زبردست جیت کو حکومت پنجاب کی پالیسیوں کی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کے مفاد میں اُٹھائے گئے اقدامات کا نتیجہ ہے کہ عوام نے بڑے پیمانے پر کانگریس کو کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔ ایک بیان جاری کرتے ہوئے انتخابی نتائج کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر پنجاب کانگریس آئی جھاکر اور کابینی وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے بھی میونسپل کارپوریشن الیکشن میں کانگریس کی کارکردگی کی ستائش کی جنہوں نے اپوزیشن جماعتوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے انہیں بری طرح مسترد کردیا ہے۔ چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ نے بی جے پی ، شرومنی اکالی دل اور عام آدمی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے الیکشن میں عوام نے کانگریس کی عوام دوست پالیسیوں کی تائید کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔