بھوبنیشور 26 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ اشارہ دیتے ہوئے بیجو جنتادل 2014 انتخابات میں تیسرے محاذ کا حصہ رہے گی اوڈیشہ کے چیف منسٹر نوین پٹنائک نے آج کانگریس کو کرپٹ اور بی جے پی کو فرقہ پرست قرار دیا ہے ۔ بی جے ڈی کے 17 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی ورکرس سے خطاب کرتے ہوئے پٹنائک نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ مرکز میں ایک سکیولر ‘ مستحکم اور شفاف حکومت قائم کی جاسکے ۔ نہ کانگریس اس موقف میں ہے اور نہ بی جے پی ایسی حکومت فراہم کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے کرپشن اور بی جے پی کی فرقہ پرست سیاست نے قوم کو کمزور کردیا ہے ۔ اس لئے ایک سکیولر ‘ شفاف اور مستحکم حکومت ہی ملک کے عوام کی امیدوں اور خواہشات کو پورا کرسکتی ہے ۔ بی جے ڈی کے صدر نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں کہ مرکز میں کوئی متبادل ابھر کر سامنے آئے ۔ مسٹر پنائک نے کہا کہ بی جے ڈی بھی ایک علاقائی جماعت کے طور پر اسے ایک امکان سمجھتی ہے ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے سخت جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے ڈی کے زیادہ امیدوار کامیاب ہوتے ہیں تو ہم اوڈیشہ کے مفادات کیلئے زیادہ موثر انداز میں جدوجہد کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ بی جے ڈی نے ریاست میں تین اسمبلی انتخابات متواتر جیتے ہیں لیکن تن اسانی کی ابھی بھی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ ہمیں اوڈیشہ کے چار کروڑ عوام کی امیدوں اور خواہشات کو پورا کرنے کیلئے سخت ترین جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف انتخابات جیتنا اہم نہیں ہے بلکہ عوام کی خواہشات اور امیدوں کی تکمیل زیادہ اہمیت کی حامل ہے ۔