کانگریس ‘ ریاست کی ترقی پر تجاویز پیش کرے

چیف منسٹر کے سی آر پرتنقیدیں ناقابل قبول : ایم ایل سی کے پربھاکر
حیدرآباد۔/31مارچ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس ایم ایل سی کے پربھاکر نے کانگریس کی جانب سے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ پر تنقیدوں پر ردعمل کا اظہار کیا۔ کے پربھاکر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی ترقی اور سنہرے تلنگانہ کے قیام کے مقصد سے کام کرنے والے چیف منسٹر پر تنقیدوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کانگریس کو مشورہ دیا کہ وہ ریاست کی ترقی کے سلسلہ میں حکومت کو تعمیری تجاویز پیش کرے۔ کانگریس رکن اسمبلی بھٹی وکرامارکا کی جانب سے چیف منسٹر پر کی گئی تنقیدوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے پربھاکر نے کہا کہ سیاسی مقصد براری کیلئے اس طرح کے الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس قائدین کی بیان بازی کا سلسلہ جاری رہا تو ٹی آر ایس اس کا موثر جواب دے گی اور عوام کانگریس قائدین کو سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین کو صرف تنقیدوں کے بجائے حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری اور غریبوں تک اس کے فوائد پہنچانے میں تعاون کرنا چاہیئے۔ انہوں نے بھٹی وکرامارکا کو مشورہ دیا کہ وہ الزامات عائد کرنے سے گریز کریں اور احتیاط سے اپنی استعمال کریں۔ پربھاکر نے کہا کہ کانگریس قائدین جو اقتدار کی محرومی کے سبب بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اشتعال انگیز بیانات جاری کررہے ہیں۔