کانگریس ۔جنتادل (ایس ) کا اتحاد مفادپرستانہ

یہ حکومت زیادہ دن نہیں چلے گی ، مملکتی وزیر سادھوی نرنجن جیوتی کا بیان
نئی دہلی ۔ 22 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک میں کانگریس ۔ جنتادل (ایس) اتحادی حکومت زیادہ دن نہیں چلے گی کیونکہ ان دونوں پارٹیوں نے مفادپرستانہ اتحاد کیا ہے ۔ خودغرضی نے ان دونوں کو ایک دوسرے کے قریب لایاہے ، بی جے پی لیڈر و مرکزی وزیر سادھوی نرنجن جیوتی نے کہا کہ کرناٹک کی عوام نے بی جے پی کے حق میں خطِ اعتماد دیا تھا ۔ بی جے پی کو 104 نشستیں حاصل ہوئی ہیں ، کانگریس ۔جنتادل (ایس) اتحاد محض اپنی خواہشات کی پوجا کرنے کیلئے کیا گیا ہے ، اب یہ حکومت زیادہ دن نہیں چلے گی ۔مملکتی وزیر فوڈ پراسسنگ انڈسٹریز سادھوی نرنجن جیوتی نے آسوسم کی ایک تقریب کے دوران اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناپاک اتحاد کرناٹک کے عوام کے مفاد میں نہیں ہے ۔ آپ تاریخ پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوگا کہ جنتادل (ایس) نے ماضی میں اپنی اتحادی پارٹیوں کو چھوڑ دیاہے، وہ عوام کو زیادہ دیر تک بیوقوف نہیں بناسکتے۔ جنتادل (ایس) لیڈر ایچ ڈی کمارا سوامی کل چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لے رہے ہیں جس میں غیربی جے پی کے تمام قائدین شرکت کریں گے ۔ صدر کانگریس راہول گاندھی کے علاوہ یوپی اے چیرپرسن سونیا گاندھی بھی اس حلف برداری تقریب میں شرکت کررہی ہیں۔ غیربی جے پی ریاستوں کے چیف منسٹروں ممتا بنرجی ، اروند کجریوال ، چندرابابو نائیڈو کی شرکت متوقع ہے جبکہ چندرشیکھر راؤ اس تقریب سے گریز کرتے ہوئے آج ہی بنگلورو پہونچ کر کمارا سوامی اور دیوے گوڑا سے ملاقات کی اور انھیں مبارکباد دی ۔ سما ج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو ، بہوجن سماج پارٹی سربراہ مایاوتی بھی شرکت کرنے والی ہیںجبکہ یہ تقریب اپوزیشن اتحاد کا مظاہرہ ہے ، مرکزی وزیر سادھوی نرنجن جیوتی نے کہا کہ یہ تمام غیربی جے پی قائدین اپنی ذاتی بقاء کے لئے متحد ہورہے ہیں ۔ آنے والے دنوں میں ان کا کوئی سیاسی مقام نہیں رہے گا ۔ یہ لوگ اپنی ساکھ بچانے کی فکرمیں ہے ۔ ملک میں ان قائدین کا کوئی مستقبل نہیں ہے ۔کمارا سوامی کو گورنر وجو بھائی والا نے تشکیل حکومت کی دعوت دی ہے جبکہ گزشتہ ہفتہ کو بی جے پی کی تین روزہ حکومت یدی یورپا کے استعفیٰ کے بعد ختم ہوگئی تھی ۔