کانگریس ہمیں برسر اقتدار دیکھنا نہیں چاہتی : بی جے پی

نئی دہلی 17جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج کانگریس پر الزام عائد کیاکہ وہ بی جے پی کو کسی بھی قیمت پر برسر اقتدار آنے دینا نہیں چاہتی اور اِس کے لئے ہر چال چل رہی ہے۔ جس میں سیکولرازم کے لئے خطرہ لاحق ہونے اور کسی بھی طاقت کے ساتھ اتحاد کرنے کا اعلان کررہی ہے۔ کیونکہ اُنھوں نے لوک سبھا انتخابات میں اپنی ناکامی کو یقینی سمجھ لیا ہے۔ بی جے پی کی قومی عاملہ کے اجلاس میں صدر پارٹی راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ کانگریس کی ہمارے خلاف دشمنی میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اِس کی وجہ یو پی اے حکومت کی ناقص حکمرانی، فیصلہ نہ کرپانے کی طاقت اور کرپشن ہے۔

بی جے پی کے ترجمان پرکاش جاؤدیکر نے پریس کانفرنس میں کہاکہ بی جے پی کی فتح کا جلوس روکنے کے لئے کانگریس ہر چال چل رہی ہے۔ وہ جانتی ہے کہ آئندہ انتخابات میں اُسے ناکامی کا سامنا ہوگا۔ حالانکہ راج ناتھ سنگھ نے عام آدمی پارٹی کا نام نہیں لیا جس کے اثر و رسوخ میں دن بدن اضافہ بی جے پی کے لئے فکرمندی کی وجہ ہے۔ تاہم پارٹی ذرائع نے عام آدمی پارٹی کا درپردہ حوالہ دیا اور کہاکہ کانگریس دہلی میں عام آدمی پارٹی کی تائید کررہی ہے۔ بی جے پی نے اکثر عام آدمی پارٹی کو کانگریس کی بی ٹیم قرار دیا ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے سیکولرازم کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ کئی طاقتیں ہندوستان کو ایک کمزور مملکت بنانا چاہتی ہیں۔ اُنھوں نے تیقن دیا کہ این ڈی اے مرکز میں حکومت تشکیل دے گا اور یہ حکومت معاشی اور اخلاقی اعتبار سے اتنی طاقتور ہوگی کہ قومیت کے مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ پرکاش جاؤدیکر نے کہاکہ ہندوستان 1947 ء میں آزاد ہوا تھا لیکن مکمل آزادی اُس وقت حاصل ہوگی جب ملک کرپشن اور بے روزگاری سے آزاد ہوگا۔