کانگریس کے 65 امیدواروں کی فہرست جاری

اُتم کمار ریڈی ‘ محمد علی شبیر ‘ محمد فیروز خان ‘ محمد غوث ‘ عیسی مصری بھی شامل

نئی دہلی ۔ 12نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے 7ڈسمبر کو ہونے والے تلنگاہ اسمبلی انتخابات کیلئے آج رات دیر گئے اپنے 65 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی جس میں پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اُتم کمار ریڈی ( حضورنگر ) ‘ محمد علی شبیر ( کاماریڈی ) ‘ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ( نلگنڈہ ) ‘ کے جانا ریڈی (ناگرجنا ساگر ) ‘ ناگم جناردھن ریڈی ( ناگر کرنول ) ‘ ڈاکٹر گیتا ریڈی ( ظہیرآباد ) ‘جئے پرکاش ریڈی عرف جگا ریڈی ( سنگاریڈی) کونڈہ سریکا( پرکال) ‘ ڈی انسویا ( سیتکا) (ملگ) ‘ ڈی کے ارونا (گدوال ) ‘ کے راجگوپال ریڈی ( مونگوڑ) ‘ ریونت ریڈی ( کوڑنگل ) ‘ سبیتا اندرا ریڈی ( مہیشورم )‘ وی پرتاپ ریڈی ( گجویل) چند اہم امیدواروں میں شامل ہیں ۔ شہر کے حلقہ نامپلی سے محمد فیروز خان کے علاوہ محمد غوث ( چارمینار ) ‘ عیسی بن عبید مصری ( چندرائن گٹہ ) ‘ سروے ستیہ نارائن ( سکندرآباد کنٹونمنٹ ) ‘ مکیش گوڑ ( گوشہ محل ) ‘ انیل کمار یادو ( مشیرآباد ) ‘ سری سیلم گوڑ ( قطب اللہ پور ) شامل ہیں ۔ کانگریس کی سنٹرل الیکشن کمیٹی ( سی ای سی ) کے جنرل سکریٹری مکل واسنک نے یہ فہرست جاری کی ۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی کی صدارت میں منعقدہ سی ای سی کے اجلاس میں طوفانی غوروخوص اور مشاورت کے بعد فہرست کو قطعیت دی گئی تھی ۔ تلنگانہ میں حکمراں ٹی آر ایس کے خلاف مقابلے کیلئے کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کا عظیم اتحاد قائم کیا گیا ہے ‘ جس میں تلگودیشم پارٹی ‘ سی پی آئی اور قیام تلنگانہ تحریک کی قیادت کرنے والی تلنگانہ جے اے سی کے سربراہ پروفیسر کودنڈارام کی نوقائم شدہ تلنگانہ جنا سمیتی ( ٹی جے ایس ) شامل ہیں ۔