کانگریس کے کئی سینئر قائدین کا انتخابات لڑنے سے گریز

کولکتہ 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سیاسی پارٹیوں کے دفاتر کے سامنے ٹکٹ کے حصول کے لئے کئی سیاستدانوں کو سرگرم دیکھا جاتا ہے جبکہ مغربی بنگال میں کانگریس کے کئی سینئر قائدین اِس مرتبہ لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے سے گریز کررہے ہیں۔ راہول گاندھی کی جانب سے ترغیب دیئے جانے کے باوجود بھی کوئی سینئر لیڈر انتخابی میدان میں اُترنے تیار نہیں۔ سابق صدور پردیش کانگریس کمیٹی مغربی بنگال مانس بھونیا اور پردیپ بھٹاچاریہ نے انتخاب لڑنے سے انکار کردیا ہے۔ ان کے علاوہ دیگر قائدین جیسے عبدالمنان اور شنکر سنگھ نے بھی اپنے آپ کو انتخابات سے دور رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ بھٹا چاریہ نے کہاکہ یہ عام بحث ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں کس کو ٹکٹ ملے گا لیکن ہم نے واضح کہہ دیا ہے کہ ہم انتخابی مقابلہ نہیں لڑیں گے۔