نئی دہلی ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریسی چیف منسٹرس کی ایک چوٹی کانفرنس 9 جون کو طلب کی گئی ہے جس میں نریندر مودی حکومت کے ریاستوں کے تئیں جن پر بی جے پی کے سوائے دیگر سیاسی پارٹیوں کی حکومت ہے، رویہ پر تنقید کی جائے گی۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کل ہند کانگریس کے ہیڈکوارٹرس پر طلب کردہ اس چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ کانگریس کے شعبہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سرجے والا نے کہا کہ اس چوٹی کانفرنس کا ایجنڈہ جو مرکز میں کانگریس کے اقتدار سے بیدخل ہونے کے بعد پہلی چوٹی کانفرنس ہوگی، تیار کیا جارہا ہے۔ کانگریس اروناچل پردیش، میگھالیہ، آسام، جیزورام، منی پور، کرناٹک، کیرالا، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں برسراقتدار ہے۔ سونیا گاندھی 1998ء سے صدر کانگریس ہیں۔ انہوں نے پارٹی کو منظم کرنا شروع کردیا ہے اور کانگریسی چیف منسٹروں کی چوٹی کانفرنس کا مقصد مرکز کی بی جے پی حکومت کی مخالفت ہے۔ امکان ہیکہ اس چوٹی کانفرنس کو کانگریس مودی حکومت پر تنقید کرنے کیلئے استعمال کرے گی۔ صدر کانگریس پہلے ہی مرکزی حکومت اور وزیراعظم پر پارلیمنٹ میں الزام عائد کرچکے ہیں کہ وہ غیرمعمولی غرور و تکبر کا شکار ہے۔ دریں اثناء چند دن پہلے صدر کانگریس سونیا گاندھی نے راشٹرپتی بھون تک دیگر 14 اپوزیشن پارٹیوں کے قائدین کے ساتھ احتجاجی جلوس نکالا تھا۔ یہ احتجاج متنازعہ حصول اراضی قانون میں ترمیمات کے بارے میں تھا۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے بھی مودی پر سخت تنقید شروع کردی ہے۔
پولیس عملہ کی دہلی روانگی کے فیصلے کی مدافعت
پٹنہ 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر بہار مسٹر نتیش کمار نے آج این ڈی اے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اورکہا کہ وہ غیر ضروری طور پر بہار پولیس کے پانچ ملازمین کو دہلی کی انسداد کرپشن برانچ میں روانہ کرنے پر شور شرابہ کر رہی ہے ۔ اس مسئلہ پر دہلی کے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ اور چیف منسٹر اروند کجریوال کے مابین تازہ تنازعہ پیدا ہوگیا ہے ۔ نتیش کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر اروند کجریوال نے دہلی میں اینٹی کرپشن یونٹ کو مستحکم کرنے عہدیداروں کو روانہ کرنے کی خواہش کی تھی اور انہوں نے ان پولیس اہلکاروں کو اس مقصد کیلئے دہلی روانہ کردیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک ریاست کی جانب سے دوسری ریاست کی مدد کرنا معمول کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ مرکزی حکومت کیوں اس پر ہوا کھڑا کرر ہی ہے جبکہ یہ کام صرف کرپشن سے مقابلہ کیلئے کیا گیا ہے ۔ بہار نے تین انسپکٹرس اور دو سب انسپکٹرس کو دہلی میں خدمات انجام دینے کیلئے روانہ کیا ہے ۔ بی جے پی لیڈرس کی اس تنقید پر کہ بہار میں پہلے ہی عہدیداروں کی قلت ہے یہ روانگی درست نہیں ہے مسٹر نتیش کمار نے کہا کہ اگر ایسا ہے تو پھر بہار سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزرا نے کیوں ریاست کے عہدیداروں کی خدمات حاصل کرکے انہیں دہلی منتقل کیا ہے ؟ ۔